نئی دہلی،4اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی)کی طرف سے ہندوستان اورنیوزی لینڈ کے درمیان چل رہی موجودہ سیریز درمیان میں ہی منسوخ کرنے کی دھمکی کے بعد جسٹس آر ایم لوڈھا کمیٹی نے منگل کو واضح کیا ہے کہ انہوں نے بینکوں کو بورڈ کے اکاؤنٹ منجمد کرنے کی ہدایات نہیں دئے ہیں۔کمیٹی نے کہا کہ ہم نے بی سی سی آئی کے اکاؤنٹس پر روک نہیں لگائی ہے، ہم نے بی سی سی آئی کو ہدایات دی ہیں کہ وہ ریاستی ایسوسی ایشن کو فنڈز کی عدم ادائیگی کرے،یومیہ کام، مسلسل اخراجات، میچ چلتے رہنے چاہئے،اس کو لے کر بالکل بھی کوئی روک نہیں ہے۔بتا دیں کہ پیر کولوڈھا کمیٹی نے ان بینکوں کو ہدایات دی جن میں بی سی سی آئی کے کھاتے ہیں کہ وہ 30ستمبر کو بورڈ کی خصوصی جنرل میٹنگ کے لئے گئے مالی فیصلوں کے سلسلے میں ریاستی ایسوسی ایشن کو بڑی رقم ادا نہیں کرے۔وہیں کمیٹی کی ان ہدایات کے بعد بی سی سی آئی نے دلیل دی کہ ریاستی یونین میچوں کو منظم کرنے کیلئے بورڈ پر انحصار کرتے ہیں اور لوڈھا کمیٹی کی تازہ ہدایات کو دیکھتے ہوئے وہ اپنا کام کاج نہیں کر پائیں گے جس سے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے میچوں کے لیے ان کی تیاریاں متاثر ہوں گی۔بورڈ کے ایک افسر نے کہا کہ اب تک سات ریاستی ایسوسی ایشن نے گھریلو سیشن کے دوران میچوں کی میزبانی کرنے کے لئے نااتفاقی ظاہر کی ہے جبکہ نو دیگر نے اس معاملے میں معلومات چاہی ہے،اگر چیزیں اسی طرح سے چلتی رہی تو سیریز (نیوزی لینڈ کے خلاف)منگل شام تک منسوخ کر دی جا سکتی ہے۔